Categories
صحت

انجیر کے حیران کن فوائد جانیں

وٹامن اے، سی، کیلشیم، فاسفورس، گلوکوز اور پروٹین سے بھرپور انجیر کے بے پناہ فائدے ہیں، یہ میوے کے ساتھ ساتھ بطور دوا بھی کام کرتا ہے۔ آئیے جنت کے اس پھل کے فوائد جانتے ہیں۔

نظام انہضام بہتر بنائیں
انجیر خود بھی زودہضم ہیں اور خوراک کو بھی ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے، یہ جسم سے فضلات کو خارج کرتا ہے اور دائمی قبض دور کرتا ہے۔ رات کے وقت انجیر کے دانے بھگو دیں، صبح نہارمنہ کھانے سے قبض دور ہوجائے گی۔ یہ آنتوں کو متحرک کرکے پیٹ سے ریح خارج کرنے میں مدد دیتا ہے۔ بادام کے ساتھ ملاکر کھانے سے پیٹ کی تکالیف پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ بواسیر سے چھٹکارے کیلئے روزانہ انجیر کھانا انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔ بہتر نتائج کیلئے رات کو انجیر کے دانے بھگودیں اور نہار منہ صبح کھائیں۔
دماغ کیلئے مفید
انجیر دماغی کمزوری دور کرنے کیلئے بہترین ٹانک ہے۔ نہار منہ تین سے چار انجیر کھانے سے دماغ مقوی ہوتا ہے اور دماغی امراض پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔ بہترین نتائج کیلئے صبح نہار منہ چار انجیر کھائیں، اس کے بعد ایک گلاس پانی میں 7بادام، ایک اخروٹ، ایک چھوٹی الائچی کے دانے پیس کر چینی ملائیں اور یہ محلول پی لیں۔

دل کے امراض پر قابو پائیں
خشک انجیر کھانے سے جسم سے مضر صحت کولیسٹرول کا خاتمہ ہوتا ہے اور کولیسٹرول لیول مستحکم ہوتا ہے۔ انجیر پوٹاشیم اور سوڈیم کی متناسب سطح بحال رکھتا ہے جس سے دل کے امراض پر کنٹرول ممکن ہوتا ہے۔ پوٹاشیم خون کی شریانوں کو وسیع کرتا ہے جس سے دل کی صحت مضبوط ہوتی ہے اور بلڈپریشر بھی کنٹرول میں رہتا ہے، لہٰذا انجیر کھانا بلڈ پریشر کے مریضوں کےلیے انتہائی مفید ہے۔ انجیر میں خون کے سرخ ذرات پیدا کرنے کی صلاحیت بھی ہوتی ہے ، یہ زہریلے مادوں کو خارج کرکے خون کو صاف کرتا ہے۔
ہڈیوں کیلئے بہترین
انجیر میں کیلشیم کی مقدار ہڈیوں کو مضبوط بناتی ہے۔ ہڈیوں کے جوڑوں کے درد میں انجیر کا استعمال کمی لانے کا باعث بنتا ہے، انجیر، بھربھرے پن کے شکار افراد کیلئے بھی مفید ہے۔ روزانہ تین سے چار دانے انجیر کے بلاناغہ کھانے سے کمر درد سے افاقہ ہوتا ہے۔

پتھری سے نجات پائیں
سفید انجیر کھانا گردے اور مثانے کی پتھری کیلئے انتہائی مفید ہے۔ یہ پتھری کو تحلیل کرکے نکال دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انجیر گردے اور مثانے کی سوزش کم کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔
جلد کیلئے مفید
وٹامن سی اور کیلشیم کی وافر مقدار کے باعث انجیر جلد کیلئے مفید ہے۔ یہ بڑھتی عمر میں پڑنے والی جھریوں کو روکنے میں مدد دیتا ہے جب کہ جلد میں نرمی، فرحت اور تروتازگی لاتا ہے۔ دودھ کے ساتھ انجیر کھانے سے رنگت نکھرتی ہے۔
گلے کے امراض پر قابو پائیں
کھانسی، دمہ اور گلے کے دیگر امراض کیلئے انجیر بہت مفید میوہ ہے۔ یہ پھیپھڑوں کی سوجن کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے اور بلغم کو پتلا کرکے نکالنے میں مدد دیتا ہے۔ انجیر اور میتھی کے بیج پانی میں پکاکر شہد میں ملاکر کھانے سے کھانسی کی شدت میں کمی آتی ہے۔ انجیر کھانے سے منہ کی بدبو دور ہوتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔