Categories
Totkay

بچوں کے دانتوں کو خراب ہونے سے کیسے بچایا جائے؟

چھوٹے بچوں کے زیادہ تر سامنے والے دانت خراب ہوجاتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان کے دوسرے دانت بھی خراب ہو سکتے ہیں۔ اکثر والدین یہ بات نہیں جانتے کہ ان کے بچوں کے دانت پہلی بار نکلنے کے فوراً بعد بھی خراب ہوسکتے ہیں۔

بچوں کے دانتوں کی خرابی کی وجہ کیا ہے؟
دانتوں کے ماہرین کا خیال ہے کہ جو بچے بہت زیادہ سوڈا پیتے ہیں اور ایسے مشروبات کم مقدار میں استعمال کرتے ہیں جن میں غذائیت موجود ہوتی ہے، ان میں بڑے ہونے کے بعد کچھ سنگین بیماریوں مثلاً ذیابیطس اور ہڈیوں کی بیماری آسٹیوپروسس کے ساتھ ساتھ دانتوں کے خراب ہونے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ کاربن ڈائی آکسائیڈ ملے مشروبات یعنی سوڈا وغیرہ دانتوں کی اوپر کی چمک دار تہہ کو ختم کرسکتے ہیں۔ ان مشروبات میں چپکنے والے ایسے میٹھے اجزاء ہوتے ہیں جنہیں ہمارے منہ میں موجود بیکٹریا اپنی خوراک کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ وہ ان اجزاء کو توڑ کر تیزابی مادوں میں تبدیل کردیتے ہیں جو دانتوں کی سطح پر چپک جاتے ہیں۔

بچوں کے دانتوں کو کس طرح خراب ہونے سے بچایا جاسکتا ہے؟
بچوں کو یہ سکھایا جانا چاہیے کہ اسکول میں کچھ کھانے کے بعد وہ کلی کرکے اپنے دانتوں کو صاف کریں۔ فلورائیڈ ملا پانی استعمال کریں اور بہتریہی ہے کہ بچے صاف اور تازہ پانی پئیں۔ سوڈے کے مشروبات نلکی کے ذریعے پئیں تاکہ اس کی مٹھاس دانتوں کو نہ لگے۔ بوتلوں میں بند پھلوں کے رس میں عام طور پر چینی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، اس لیے ان سے دانتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ دانتوں کا باقاعدگی سے ڈاکٹری معائنہ کروانا چاہیے اس کے ساتھ ساتھ بچوں کے دانتوں کو خرابی سے محفوظ رکھنے کے لیے فلورائیڈ ٹوتھ پیسٹ کا استعمال بھی فائدہ مند ہوسکتا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے شیرخواربچے کے دانت نکلنے کے فوراً بعد اسے دانتوں کے ڈاکٹر کے پاس معائنے کے لیے لے جائیں۔ دانتوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ہر کھانے کے بعد بچوں کے دانتوں کو برش کرائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔