سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی جارحیت سے آؤٹ کلاس ہونے کے بعد پاکستان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) پوائنٹس ٹیبل میں چوتھی پوزیشن پر چلا گیا ہے۔

دوسری جانب، آسٹریلیا نے ٹیبل کے اوپری حصے میں اپنی برتری کو بڑھا دیا ہے اور اس کے ڈبلیو ٹی سی کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کا امکان برقرار ہے۔
فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 351 رنز کا ہدف دیا گیا تھا لیکن مین ان گرین اوپنرز کی جانب سے شاندار آغاز کے باوجود ہدف سے 115 رنز کم رہ گئی۔
آخری دن پاکستان کی جانب سے دفاعی انداز، بیٹنگ کوچ محمد یوسف کے دعویٰ کے باوجود کہ وہ جیتنے کی ذہنیت اپنائیں گے، بالآخر پاکستان کو مہنگا پڑا۔
سیریز کے پہلے دو میچ ڈرا پر ختم ہوئے تھے جبکہ آخری ٹیسٹ میچ نے آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف سیریز کی مشہور فتح دلا دی ہے۔
11 سال بعد برصغیر میں آسٹریلیا کی یہ پہلی سیریز جیت ہے۔
